Time 07 مئی ، 2020
پاکستان

بلاول سمیت سندھ کے قومی اسمبلی کے تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

سندھ حکومت کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ارکان اسمبلی کے کورنا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت موصول ہوگئی ہیں— فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت سندھ سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے تمام ارکان کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ارکان اسمبلی کے کورنا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت موصول ہوگئی ہیں جس کے بعد سندھ کے ارکان قومی اسمبلی کو ڈپٹی کمشنرز نے ٹیسٹ کیلئے بلانا شروع کردیا ہے۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، تھرپارکر کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارکان اسمبلی کے ٹیسٹ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے پہلے تمام ایم این ایز کے ٹیسٹ ہوجائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے پہلے کورونا ٹیسٹ ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے تمام ارکان کو کورونا ٹیسٹنگ رپورٹ دینا ہوگی، ارکان قومی اسمبلی سیشن میں آنے کیلئے اپنی سہولت کے مطابق کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

اس سلسلے میں سندھ سے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کھیئل داس نے تصدیق کی ہے کہ ان سے ڈپٹی کمشنر جامشورو نے کورونا ٹیسٹ کے لیے رابطہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے اپوزیشن کے مطالبے پر 11 مئی کو کورونا وائرس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ اجلاس ایک دن کے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ طے ہوا کہ اس اجلاس میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے گی اور اسے کورونا وبا تک محدود رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پریس گیلری کے علاوہ وزیٹرز کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی اور اس دوران پارلیمنٹ لاجز میں بھی آمدورفت کو محدود رکھا جائے گا۔

مزید خبریں :