Time 07 مئی ، 2020
پاکستان

چوہدری برادران کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے پر نیب کا ردعمل سامنے آگیا

چوہدری برادران کی جانب سے عدالت سے رجوع کرنے کے معاملے پر قومی احتساب بیورو (نیب) کا ردعمل سامنے آگیا۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مبینہ مقدمات کی بنیاد پر نیب کے خلاف پروپیگنڈا جاری ہے، چیئرمین نیب نے ان مقدمات پر تا حال نہ کوئی حتمی فیصلہ کیا، نہ ہی کوئی حکم جاری ہوا، پرانے مقدمات کو غیر معینہ مدت تک الماریوں کی زینت نہیں بنایا جا سکتا۔

خیال رہے کہ آج مسلم لیگ ق کے چوہدری برادران کی جانب سے چیئرمین قومی احتساب بیورو کے اختیارات سے متعلق کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے نیب کونوٹس جاری کر دیا ہے۔

چیئرمین نیب کے اختیارات سے متعلق کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی عدالت میں پیش ہوئے اور انھوں نے چیئرمین نیب کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب کو 19 سال پرانے کیس اور بند کی گئی انکوائری دوبارہ کھولنے کا اختیار نہیں ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ نیب کی جانب سے 19 برس پرانا کیس دوبارہ کهولنے کا اقدام غیرقانونی قرار دیا جائے۔ چوہدری برادران کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو 11مئی کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

مزید خبریں :