Time 08 مئی ، 2020
پاکستان

9 مئی تک جو کاروبار، ادارے اور دفاتر بند تھے وہ بدستور بند رہیں گے: ترجمان سندھ حکومت

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے 9 مئی تک جو کاروبار، ادارے اور دفاتر بند تھے وہ بدستور بند رہیں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران پہلے سے بند کاروبار میں سے صرف کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ادارے، کاروبار اور دفاتر  9 مئی تک بند تھے وہ بدستور بند رہیں گے، شاپنگ مالز، تعلیمی ادارے اور ریسٹورنٹس بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ اور ہے، اگر وفاقی حکومت اپنے اعلانات کی تھوڑی وضاحت کر دے اور اعلانات کو مسودے کے مطابق کلیئر کر دے گی تو شہری مشکل کا شکار نہیں ہوں گے۔

ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 6 مئی کو این سی او سی کی جو میٹنگ ہوئی تھی جس میں چاروں صوبوں نے ریلوے کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اس لیے وفاقی حکومت کو اس معاملے پر تھوڑا پیچھے ہٹنا پڑا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جہاں تک ریسٹورنٹس کا تعلق ہے تو وفاقی حکومت کی جانب سے جو پہلا اعلامیہ شیئر کیا گیا اور پھر جو دوسرا اعلامیہ جاری ہوا دونوں میں ریسٹورنٹس کے حوالے سے کوئی بات نہیں تھی، وفاقی وزراء جو بات کر رہے ہیں ان کا پتہ نہیں کہ وہ کہاں پر زیر غور آئے لیکن صوبوں کے ساتھ اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

حکومت سندھ کے ترجمان نے کہا کہ میں ایک بار پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ صوبائی حکومت نے کورونا سے لڑنا ہے وفاقی حکومت سے نہیں لڑنا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں لاک ڈاؤن کو 9 مئی سے مرحلہ وار نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید خبریں :