08 مئی ، 2020
روس میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد فرانس اور جرمنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے اور اب روس دنیا میں وبا سے متاثرہ پانچواں بڑا ملک بن گیا ہے۔
روس میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار 859 ہو چکی ہے جب کہ 1723 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
فرانس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد جب کہ جرمنی میں ایک لاکھ 69 ہزار 430 ہے تاہم ان دونوں ممالک میں اموات روس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔
فرانس اور جرمنی میں بالترتیب 25 ہزار 987 اور 7 ہزار 392 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکا میں کورونا سے اموات 76 ہزار 942 ہو چکی ہیں جب کہ برطانیہ میں 30 ہزار 615، اٹلی میں 29 ہزار 958 اور اسپین میں 26 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
برازیل میں اموات کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 190 تک پہنچ چکی ہے جب کہ ایران میں 6 ہزار 486 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
یونان کے سابق وزیر صحت بھی کورونا سے ہلاک ہو نے والوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔
گریک حکام کے مطابق پروفیسر دمتریس کریمسیٹی نوس کی عمر 78 برس تھی اور وہ کارڈیالوجسٹ ہونے کے ساتھ یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض بھی انجام دے رہے تھے۔
دمتریس کریمسیٹی نوس 90 کی دہائی میں یونان کے سابق وزیراعظم آندرے پاپانڈریس کے ذاتی معالج ہونے کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے، انہیں 26 مارچ کو کورونا کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ آئی سی یو میں تھے۔
ادھر عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر افریقا میں کورونا کے پھیلاؤ کو نہ روکا گیا تو ایک سال کے دوران 83 ہزار سے ایک لاکھ 90 ہزار افراد مر سکتے ہیں جب کہ مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
جرمنی کی انٹیلی جنس رپورٹ میں امریکا کی جانب سے کورونا وائرس کو چین کی لیبارٹری میں تیار ہونے کے دعوے پرتحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
جرمن وزیر دفاع کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی دعوے وبا سے متعلق لگائے گئے اندازوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 39 لاکھ 33 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 71 ہزار افراد ہلاک اور 13 لاکھ 49 ہزار822 صحت یاب ہو چکے ہیں۔