08 مئی ، 2020
اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ سینیٹ ارکان اور عملے کے کورونا ٹیسٹ کے بغیر اجلاس نہ رکھا جائے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کی درخواست پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان بالا کا اجلاس 12 مئی کی صبح طلب کیا ہے۔
ایسے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ ارکان اور عملے کا کورونا ٹیسٹ کے بغیر اجلاس نہ رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی عمارت میں کوئی وینٹیلیشن نہیں ہے، ارکان اور عملے کو بغیر کسی ٹیسٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دینا ایک تباہی ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ زیادہ سمجھداری سے کام لیا جائے گا۔
اُدھر کورونا صورتحال پر قومی اسمبلی کا اجلاس بھی 11 مئی کو طلب کیا گیا ہے اور ایسے میں سندھ حکومت کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد سندھ کے ارکان قومی اسمبلی کو ڈپٹی کمشنرز نے ٹیسٹ کیلئے بلانا شروع کردیا ہے۔