سینیٹ اجلاس سے قبل تمام سینیٹرز کو کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا، ضابطہ کار جاری

اسلام آباد: سینیٹ اجلاس سے متعلق ضابطہ کار جاری کردیے گئے جس کے تحت اجلاس سے قبل تمام سینیٹرز کورونا ٹیسٹ کرائیں گے۔

اجلاس کے لیے طے کردہ ضابطہ کار کے مطابق پارلیمنٹ لاجز کی ڈسپنسری میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔

 سینیٹرز کے ہمراہ کسی کو پارلیمنٹ ہاؤس داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ وزراء اور وزرائے مملکت کے ہمراہ صرف ایک شخص پارلیمنٹ آسکے گا۔

طے کردہ ضابطہ کار کے مطابق وزارتوں سے گریڈ 20 سے اوپر کا ایک افسر اجلاس میں شرکت کر سکے گا جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس داخلے سے قبل تمام سینیٹرز کی تھرمل گن اسکریننگ ہوگی۔

طے کردہ ضابطہ کار کے تحت پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن 10سے 12 رپورٹرز اجلاس کی کوریج کے لیے نامزد کرے گی۔

ضابطہ کار کے مطابق سینیٹ ہال میں صرف قائد ایوان، قائد حزب اختلاف، وزراء اور پارلیمانی لیڈرز کے لیے نشستیں مختص کردی گئی ہیں جبکہ باقی سینیٹرز دیگر دستیاب نشستوں پر بیٹھ سکتے ہیں۔

اجلاس کے لیے جاری ضابطہ کار  میں کہا گیا ہے تمام سینیٹرز گلوز، ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کریں جو ان کی نشستوں پر موجود ہوگا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی درخواست پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان بالا کا اجلاس 12 مئی کی صبح طلب کیا ہے۔

اُدھر کورونا صورتحال پر قومی اسمبلی کا اجلاس بھی 11 مئی کو طلب کیا گیا ہے اور ایسے میں سندھ حکومت کی جانب سے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے کورونا ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد سندھ کے ارکان قومی اسمبلی کو ڈپٹی کمشنرز نے ٹیسٹ کیلئے بلانا شروع کردیا ہے۔

مزید خبریں :