Geo News
Geo News

Time 10 مئی ، 2020
دنیا

کورونا متاثرین کا علاج کرنیوالے اسپتال میں آتشزدگی، ایک مریض ہلاک

فوٹو: بشکریہ گلوبل نیوز

روس کے دارالحکومت ماسکو میں کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے اسپتال میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک مریض ہلاک ہو گیا۔

اسپتال کے ترجمان کے مطابق ماسکو کے شمال مغرب میں واقع کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے اسپتال میں سب سے پہلے ایک مریض کے کمرے میں آگ بھڑکی جسے بعد ازاں ریسکیو حکام کی مدد سے بجھایا گیا۔

ترجمان کے مطابق اسپتال میں آگ لگنے سے ایک مریض ہلاک ہوا جب کہ 200 سے زائد مریضوں کو بحفاظت باہر نکالا گیا۔

اس ضمن میں ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ تمام مریضوں کو اسپتال سے نکال لیا گیا اور انہیں دوسرے اسپتالوں میں منتقل کر دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد تقریباً 2 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جب کہ وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1800 سے زائد ہے۔