ملک میں کورونا سے مزید 28 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 666 اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 30903 ہوگئی

خیبرپختونخوا میں 11، سندھ میں 9، پنجاب میں 5، بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک شخص جاں بحق ہوا، آج کورونا کے مزید 1536 کیسز کی تصدیق ہوئی


ملک میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 666 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 30903 تک جاپہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 245 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ پنجاب میں 197 اور سندھ میں 189 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 26، اسلام آباد 5 اور گلگت بلتستان میں 4 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 283،517
صحتیاب مریض: 
8023 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

اتوار کو ملک میں کورونا کے مزید 1536 کیسز اور 28  ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس میں سے خیبرپختونخوا میں 11 ہلاکتیں اور 160 کیسز ، سندھ میں 9 ہلاکتیں اور 709 کیسز جبکہ پنجاب میں 5 افراد جاں بحق اور 475 کیسز رپورٹ ہوئے۔ 

 بلوچستان میں 2 افراد جاں بحق اور 141 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ اسلام آباد میں ایک ہلاکت اور 32 کیسز، گلگت بلتستان میں 12 اور  آزاد کشمیر میں 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

سندھ میں اتوار کوکورونا وائرس کے مزید 709 کیسز  اور 9 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تصدیق صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کی جانب سے کی گئی ہے۔

مرتضیٰ وہاب کی جانب سے سوشل میڈیا جاری بیان میں بتایا گیا کہ سندھ میں 709 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 11480 ہو گئی ہے جب کہ مزید 9 اموات کے بعد ہلاکتیں 189 تک پہنچ گئی ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں اتوار کو کورونا سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 197 ہوگئی۔ 

پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 475 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 11568 تک جاپہنچی ہے۔

پنجاب میں کورونا سے اب تک 4323 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کو مزید 2 افراد مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق  آج کورونا کے مزید 141 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 2017 ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  242 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں اتوار کو کورونا وائرس کے مزید 32 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 641 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 12 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 442 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کے مطابق مہلک وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 304 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے اتوار کو کورونا کے 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل نے کی ہے۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 86 ہوگئی ہے اور 60 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں اتوار کو مزید 11 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 245 تک جاپہنچی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 8، مردان، سوات اور بٹگرام میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔

صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 160 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 4669 تک جاپہنچی ہے۔ 

محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1126 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال