وزیراعلیٰ سندھ اور تاجروں کے مذاکرات کامیاب، کل سے مارکیٹیں کھل جائیں گی

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پیر کی صبح سے دکانیں کھولنے کا اعلان کردیا۔

سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور تاجر رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں  کاروبار کھولنے اور ضابطہ کار پر اتفاق ہوگیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق پیر سے صبح 6 بجے سے شام 5 بجے تک دکانیں کھلیں گی اور دکاندار شام 4 بجے سے دکان بند کرنا شروع کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ  پیر سے جمعرات تک صبح 6 سے شام 5 بجے کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو جزوی لاک ڈاؤن رہے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شاپنگ مالز، سنیما، پارکس، شادی ہالز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ مذہبی و سماجی اجتماعات اور کھیلوں کے مقابلوں پر بدستور پابندی ہوگی۔

اس دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ چھوٹے تاجروں کو قرض دلوائیں اور  ایک آرڈیننس بھیجا تھا کہ تاجروں کو بھی ریلیف ملے لیکن گورنر نے آرڈیننس واپس بھیجا ہے۔

میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ طے کردہ ضابطہ کار پرعملدرآمد کرانا تاجروں کی ذمہ داری ہے جبکہ تاجررہنما جمیل پراچہ کہتے ہیں کہ کاروبار کے دوران سماجی فاصلے کا بہت خیال رکھنا ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی سے نرمی کا اعلان کیا تھا تاہم اس دوران سندھ حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن پورے رمضان رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

اس کے علاوہ سندھ حکومت نے تاجروں کو آن لائن کاروبار کی اجازت دی تھی تاہم مختلف تاجر تنظیموں نے 15 رمضان المبارک سے مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کررکھا تھا۔

دوسری جانب سندھ بالخصوص کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، صوبے بھر میں مہلک وائرس سے 189 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

مزید خبریں :