Time 11 مئی ، 2020
پاکستان

اراکین میں کورونا کی تشخیص پر فواد چوہدری کا اسمبلی اجلاس میں شرکت سے انکار

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کئی اراکین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے سبب قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونے سے انکار کردیا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ کئی اراکین اور عملے کے کورونا نتائج مثبت آنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آج سے شروع ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کروں گا۔

فواد چوہدری نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے میں ویڈیو لنک پر سیشن کا کہہ رہا ہوں لیکن اپوزیشن کے دباؤ میں آ کر پارلیمانی کمیٹی نے غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے جس نے ملکی سیاسی قیادت کو غیر ضروری خطرے میں ڈال دیا۔ 

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں شروع ہوچکا ہے جس میں شرکت کے لیے ارکان کا کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سینیٹائزر گیٹ اور ٹمپریچر معلوم کرنے کی مشین لگا دی گئی ہے۔

ملک میں کورونا کیسز کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے جس میں اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔

چند روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں بھی مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔

مزید خبریں :