11 مئی ، 2020
کراچی: حکومت سندھ نے کورونا ریلیف ایمرجنسی آرڈیننس کے حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا اعتراض دور کر دیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے کورونا ریلیف آرڈیننس پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ گیس و بجلی کا معاملہ وفاقی دائرہ کار میں آتا ہے۔
اب اطلاعات ہیں کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بجلی،گیس بل میں رعایت سےمتعلق اعتراض دورکر کے آرڈیننس منظوری کے لیے گورنر سندھ کو بھجوا دیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے آرڈیننس سےبجلی گیس کےبل میں رعایت کی شق خارج کر دی جس کی صوبائی محکمہ قانون اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نےبھی منظوری دے دی ہے۔
ریلیف آرڈیننس کےتحت دکان، مکان، دفتر کے کرائے کی ادائیگی مؤخر کی گئی ہے جب کہ آرڈیننس کےتحت عوام کو پانی کے بل کی ادائیگی میں رعایت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ حکومت سندھ کی جانب سے کورونا ریلیف آرڈیننس کے ذریعے صوبے میں کاروباری طبقے کو مختلف ٹیکسز کی ادائیگی بھی مؤخر کی گئی ہے۔