11 مئی ، 2020
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 500 کمپنیوں کی 47 ارب روپے قرض کی درخواستیں منظور کرلیں۔
اسٹیٹ بینک نے کورونا لاک ڈاؤن کے باعث کمپنیوں کیلئے رعایتی قرض اسکیم متعارف کرائی ہے تاکہ کمپنیاں مالی بحران کی وجہ سے ملازمین کو فارغ نہ کریں۔
ترجمان کے مطابق مرکزی بینک نے 500 کمپنیوں کی 47 ارب روپے قرض کی درخواستیں منظور کرلی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 103 ارب روپے کے قرض دے کر 10 لاکھ افراد کا روزگار بچایا جا سکے گا۔
دوسری جانب مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مانیٹری پالیسی کا اعلان 15 مئی کو ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹیٹ بینک نے 209 کمپنیوں کو 23 ارب روپے کے قرض جاری کیے تھے جس سے 2 لاکھ 20 ہزار ملازمین کی نوکریاں محفوظ ہوگئی تھیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق کمپنیوں کو قرض 3 فیصد شرح سود پر دیا جا رہا ہے اور اس وقت کُل 1100 کمپنیوں کی 90 ارب روپے کے قرضوں کی درخواستیں زیر غور ہیں۔