11 مئی ، 2020
کراچی میں کورونا وائرس سے متاثر ایک اور پولیس افسر سول اسپتال میں انتقال کرگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق پولیس ملازم اسسٹنٹ سب انسپکٹر 48 سالہ شیر گل نیازی گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں ایم ٹی سیکشن میں تعینات تھا جس میں 29 اپریل کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ رپورٹ مثبت آنے پر اسے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا جہاں پیر کی صبح اس کا انتقال ہوگیا۔
اس وبائی مرض سے کراچی پولیس کے انتقال کرنے والے ملازمین کی تعداد 4 ہوچکی ہے جنہیں محکمے کی جانب سے شہید کا درجہ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس سے قبل ایس ایس پی سٹی آفس میں تعینات وائرلیس آپریٹر اے ایس آئی محمد انوار، اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل آرٹلری میدان میں تعینات سپاہی محمد انس بھی کرونا وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے سابق ایس ایچ او شفیق تنولی کے بھائی ہیڈ کانسٹیبل رشید تنولی کورونا وائرس کے نتیجے میں کراچی میں سب سے پہلے جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے اب تک 152 پولیس افسران اور اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں 100 سے زائد کراچی میں تعینات ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح تک 30 اہلکار کورونا وائرس کو شکست دے کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 118 ابھی بھی مختلف اسپتالوں، آئسولیشن سینٹرز یا گھروں میں آئسولیشن میں ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے انسپکٹر جنرل پولیس کو لکھے گئے خط میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے پولیس اہلکاروں کی موت کو شہادت کا درجہ دینے کا خط لکھا جاچکا ہے۔
کورونا سے انتقال کرنے والوں کو شہید کا درجہ ملنے کی صورت میں ان کے خاندان کو پولیس کے شہیدوں کیلئے اعلان کردہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔