Time 14 مئی ، 2020
کھیل

کووڈ19: کرکٹ کھلاڑیوں کو جشن منانے کے روایتی انداز میں تبدیلی کی تجویز

 بولرز کے وکٹ حاصل کر کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منانے، ہائی فائیو کرنے اور سروں پر ہاتھ پھیرنے پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے—فوٹو فائل

دنیا بھر میں حملہ کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے سبب ماہرین نے کرکٹ کھلاڑیوں کو روایتی جشن کا انداز تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

‏کووڈ 19 کی وجہ سے اس وقت طرز زندگی میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، اگرچہ کھیلوں کی سرگرمیاں التواء کا شکار ہیں لیکن کھیلوں کی سرگرمیوں کو آہستہ آہستہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ شروع کرنے کی پلاننگ ہو رہی ہے۔ 

اس سلسلے میں کرکٹ کے میدان میں اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ماہرین کی آراء سامنے آ رہی ہیں۔ 

اس وقت جہاں گیند کو تھوک یا پسینے سے چمکانے کی پابندی کی بات ہو رہی ہے وہاں کھیل کے روایتی جشن منانے پر بھی پابندی کی تجاویز سامنے آئی ہیں۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر روایتی جشن کی ممانعت ہونی چاہیے یعنی بولرز کے وکٹ حاصل کر کے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منانے، ہائی فائیو کرنے اور سروں پر ہاتھ پھیرنے پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔ 

اسی طرح فیلڈرز کا ہاتھ پر ہاتھ مارنا اور بیٹسمینوں کا سنچری یا ڈبل سنچری مکمل کرنے کے بعد گلے ملنا بھی شامل ہے۔

‏پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کہتے ہیں کہ کووڈ 19 کی وجہ سے دنیا میں بہت کچھ بدل جائے گا،کھیلوں کی دنیا میں بھی بہت بدلاؤ آئے گا، روایات میں کیا کیا تبدیلیاں ہوں گی اور ہونی چاہئیں یا نہیں اس سے ہٹ کر پہلا فوکس کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی ہونا چاہیے۔

 اظہر علی نے کہا کہ میں ہمیشہ روایتی چیزوں کے حق میں رہا ہوں لیکن کھیل کی بحالی کے لیے کچھ بدلنا پڑتا ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے، روایات کچھ عرصے کے لیے بدلی بھی جا سکتی ہیں، اس سے یقینی طور پر کھیل کے حسن پر فرق تو پڑے گا لیکن آگے بھی تو بڑھنا ہے۔

‏فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ فیلڈ میں جشن منانا بڑی محنت کے بعد وکٹ حاصل کرنے کی خوشی منانا ہے، جشن منانے پر پابندی ہو گی تو خوشی کا اظہار نہیں کر پائیں گے۔ 

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل فائیو کے کچھ میچز تماشائیوں کے بغیر ہوئے، اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میچز کا اصل حسن تماشائیوں کے ساتھ ہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے جشن کے روایتی اندز کو بدلنا مجھے اچھا نہیں لگے گا کیونکہ وکٹ لے کر ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر جشن منانے کا اپنا ہی مزہ ہے، مگر مجبوری میں اگر ایسا کرنا پڑتا ہےتو وقتی طور پر ایسا کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :