کورونا: شہریوں کی غیر سنجیدگی پر شنیرا اکرم نے بھی سر پکڑ لیا

فوٹو: فائل

عالمی وبا کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے تاحال کوئی ویکسین تو ایجاد نہیں ہوئی لیکن اس وائرس سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے جو  سماجی فاصلہ ہے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے جب کہ لوگ اس صورتحال کو بالکل بھی سنجیدہ نہیں لے رہے۔

حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہریوں نے سماجی فاصلہ رکھنے اور ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان شوبز اسٹارز سمیت معروف شخصیات کی جانب سے برہمی کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے لاک ڈاؤن میں سماجی دوری کو غیر سنجیدگی سے لینے کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کی۔

شنیرا اکرم نے لکھا کہ 'ٹریفک سے جام سڑکیں، مارکیٹیں اور سڑکوں پر سیکڑوں بغیر ماسک پہنے لوگ، یہ ملک مجھے رولانا چاہتا ہے'۔ 

دوسری جانب پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ اشنا شاہ نے بھی ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ 'ہاں اب سب کھل چکا ہے لیکن ہمیں سماجی دوری اختیار کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، چپکیں مت اور محفوظ رہیں'۔

اداکارہ صنم سعید نے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'کیا ہمیں واقعی عید کی شاپنگ کے لیے مارکیٹ جانا ضروری ہے؟ '۔

صنم سعید نے لوگوں کو احتیاط سے باہر جانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا کہ کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ اس بار عید کو مختلف طریقے سے منانے کی کوشش کی جائے۔

مزید خبریں :