دنیا
Time 15 مئی ، 2020

بنگلا دیش: روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں کورونا کی تصدیق

فوٹو: رائٹرز

ڈھاکہ: بنگلا دیش میں موجود روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کے جنوب میں قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں میں 10 لاکھ سے زائد مہاجرین موجود ہیں جہاں کورونا کوائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ کیمپوں میں موجود ایک روہنگیا مہاجر اور ایک مقامی شخص کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کی اقوام متحدہ کی ترجمان نے تصدیق کی ہے۔

ترجمان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ روہنگیا مہاجرین کے کیمپ میں کورونا وائرس کا یہ پہلا کیس ہے البتہ وائرس مہاجرین کی آباد کاری کو تباہ کرسکتا ہے۔

بنگلادیشی حکام کا کہنا تھا کہ روہنگیا مہاجر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد متاثرہ شخص کو آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والا ایک شخص مہاجر اور دوسرا قریب ہی واقع مقامی آبادی کا رہائشی ہے جن میں وائرس کی تصدیق کے بعد کیسز کا جائزہ لینے کے لیے ریپڈ انویسٹی گیشن تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش میں اب تک کورونا کے 18 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 280 سے زائد اموات بھی ہوچکی ہیں۔

مزید خبریں :