دنیا
Time 16 مئی ، 2020

دنیا میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد ہو گئی

دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

اٹلی کورونا وائرس کے باعث دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے لیکن حالیہ چند دنوں میں یورپی ملک میں نئے کیسز کی شرح کافی کم رہی ہے۔

اٹلی نے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد اور اموات میں مسلسل کمی آنے کے بعد پابندیاں نرم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اطالوی حکام نے دوماہ سے زائد عرصے سے لگے لاک ڈاؤن میں 3 جون سے نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ملک کے مختلف ریجنز کے درمیان سفر کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔

اٹلی میں اب تک کورونا سے 31 ہزار 610 اموات اور 2 لاکھ 23 ہزار 885 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اٹلی یورپ کا پہلا ملک ہے جس نے شمالی علاقوں میں کورونا کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد فروری میں ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن کر دیا تھا اور پھر تقریبا 2 ماہ سے زائد عرصے کے بعد 4 مئی کو یورپی ملک میں لاک ڈاؤن میں نرمی پیدا ہونا شروع ہوئی۔

بھارت میں سخت لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس کے کیسز چین سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 85 ہزار 940 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 2 ہزار 753 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سفری پابندیوں میں کچھ نرمی کے ساتھ بھارت میں جاری لاک ڈاؤن کو 17 مئی سے مزید دو ہفتوں کے لیے بڑھا کر 31 مئی تک کر دیا جائے گا۔

امریکا میں وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 88 ہزار 507 ہو چکی ہے جب کہ 14 لاکھ 84 ہزار 285 افراد اب تک متاثر بھی ہو چکے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس کے آخر تک کورونا کی ویکسین تیار ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی ویکسین ہو یا نہ ہو ہم امریکا کو جلد کھول دیں گے۔

برطانیہ میں عالمی وبا سے اب تک 34 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ فرانس میں 27 ہزار 529 اور اسپین میں 27 ہزار 459 افراد انتقال کر چکے ہیں۔

برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مزید ایک دن میں ریکارڈ اضافہ ہونے کے بعد وزیر صحت نیلسن ٹیچ نے چند ماہ کی ملازمت کے بعد استعفیٰ دیدیا۔

برازیلین حکام کے مطابق کورونا وائرس اب تک ملک کے 38 قبائل کو متاثر کر چکا ہے اور وائرس تاریخی قبائل میں خطرناک حد تک تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

برازیل میں اب تک 2 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 14 ہزار 962 ہلاک ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 46 لاکھ 39 ہزار 157 تک پہنچ چکی ہے جس میں سے 3 لاکھ 8 ہزار 700 سے زائد افراد ہلاک اور 17 لاکھ 66 ہزار سے زائد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :