16 مئی ، 2020
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انٹرسٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی سروس کھولنے کی اجازت دے دی جبکہ کرایوں میں بھی 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی کو ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا، مسافروں، ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کیلئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے،بسوں میں سینی ٹائزرز اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بڑے شاپنگ مالز کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں پاور لومز کو بھی کام کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ ایس او پیز کے تحت گرجا گھروں میں اتوار کو عبادت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تصدیق کی ہے کہ حکومت پنجاب اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو کرایوں میں 20 فیصد کمی کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔