کھیل
Time 18 مئی ، 2020

'اب ایسا نہیں کریں گے': آفریدی کے کشمیر میں خطاب پر بھارتی لیجنڈز برا مان گئے

—ٖفائل فوٹو

مایہ ناز پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے آزاد کشمیرمیں راشن تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو 'چوزہ'  اور نریندر مودی کو 'ڈرپوک' قرار دیا جس پر  بڑے بڑے بھارتی کرکٹرز ان سے ناراض ہوگئے۔

شاہد آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا وائرس سےبھی بڑی بیماری مودی کے دل و دماغ میں ہےاور وہ بیماری مذہب کی بیماری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک عرصے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کا حساب مودی کو دنیا اور آخرت دونوں میں دینا پڑے گا۔

بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ مودی دلیر بننے کی کوشش کرتا ہے مگر ہے بہت بڑا 'ڈرپوک'۔

بھارتیوں کو آئینہ دکھانے پر کئی بھارتی کرکٹرز برا مان گئے اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے دل کا غبار نکالنے کی کوشش کی۔

سابق بھارتی بلے باز یووراج سنگھ نے لکھا کہ وہ انسانیت کی بنیاد پر شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کو سپورٹ کر رہے تھے مگر بھارتی وزیراعظم کے بارے میں ایسے کلمات برداشت نہیں کر سکتےاس لیے وہ اب کبھی آفریدی کی حمایت نہیں کریں گے۔

ہربھجن سنگھ نے بھی بھارتی لوگوں کے دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیک دیے اور کہا کہ وہ اب کبھی شاہد آفریدی اور پاکستان کے کسی بھی فرد کی حمایت نہیں کریں گے۔

ہربھجن اور یووراج کے علاوہ آفریدی سے ہمیشہ سوشل میڈیا پر لڑنے والے گوتم گمبھیر، شیکھردھون اور سریش رائنا نے بھی حقیقت سے آنکھیں پھیرتے ہوئے بھارتی انتہاپسندوں کو خوش کرنے کی کوشش کی اور آفریدی کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

مزید خبریں :