دنیا
Time 19 مئی ، 2020

ٹرمپ کا عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کے نام دھمکی بھرا خط

فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کو عالمگیر وبا کورونا پر قابو پانے کے لیے بہتر لائحہ عمل اختیار نہ کرنے کی صورت میں ہمیشہ کے لیے فنڈنگ روکنے کی دھمکی دے دی۔

صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کو خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ اگر عالمی ادارہ صحت کورونا پر قابو پانے کے لیے اگلے 30 روز میں کوئی پختہ بہتری نہیں دکھاتا تو اس کی فنڈنگ ہمیشہ کے لیے روک دی جائے گی۔

ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا کہ آپ کی  اور آپ کے ادارے کی جانب سے وبا پر قابو پانے کے لیے ایک بار پھر غلط اقدام واضح ہے جس کی قیمت پوری دنیا کو بھگتنی پڑ گئی ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کا اس صورتحال میں ادارے کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ یہ ثابت کرے کہ وہ چین کی جانب سے آزاد ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خط میں مزید کہا کہ میری انتظامیہ پہلے ہی آپ سے اس پر بحث کرچکی ہے کہ ادارہ کس طرح بہتر کام کرسکتا ہے لیکن اس کے لیے تیز کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے پاس وقت ضائع کرنے کا وقت نہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کوورنا وائرس پھیلانے کا الزام چین پر عائد کیا ہے اورساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی ادارہ صحت عالمگیر وبا کے حوالے سے اپنے بنیادی فرائض سرانجام دینے میں ناکام رہا ہے۔

یہی وجہ تھی کہ گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا تھا۔

اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کی معاونت کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ فنڈ دینے والا ملک ہے۔ امریکا نے گزشتہ برس بھی ڈبلیو ایچ او کو 400 ملین ڈالر یعنی 40 کروڑ ڈالر امداد دی تھی جب کہ چین نے سال 19-2018 کے دوران عالمی ادارہ صحت کو 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈ فراہم کیا تھا۔

اس وقت امریکا دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں 15 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 3 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جب کہ کورونا  کا ابتدائی حملے والا ملک چین میں اب تک 82 ہزار 960 افراد متاثر اور 4 ہزار 634 ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :