دنیا
Time 19 مئی ، 2020

امریکی صدر کورونا سے بچنے کیلئے روزانہ کونسی دوا لے رہے ہیں؟

فائل فوٹو: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے روزانہ ایک گولی ہائیڈروکسی کلوروکوئن کی خوراک لیتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ریسٹورینٹس کے ایگزیکٹوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر سے پوچھنے کے بعد ملیریا کی دوا  لینا شروع کردی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ’ میراکورونا ٹیسٹ منفی آیا اور نہ ہی وائرس کی کوئی علامت ہے لیکن وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے میں گزشتہ ایک ہفتے سے ملیریا کےعلاج کے لیے استعمال کی جانے والی ہائیڈروکسی کلوروکوئن کا استعمال کر رہا ہوں‘۔

اس موقع پر امریکی صدر ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ آپ ہائیڈروکسی کلوروکوئن کیوں کھاتے ہیں؟

ٹرمپ نے جواب دیا کہ مجھےلگتا ہے یہ اچھی دواہے، میں نےاس کے بارے میں اچھی باتیں سن رکھی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مارچ میں ملیریا کی دوا کلوروکوئن Chloroquine اور ہائیڈروکسی کلورو کوئن Hydroxychloroquine کو کورونا علاج کے لیے تجویز دی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے علاج اور ویکسین کی تیاری کے لیے سرخ فیتے کی رکاوٹیں ختم کردی ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا کے علاج کے لیے دنیا بھر میں کئی کمپنیاں اور ادارے اس وقت کورونا وائرس کی 100 سے زائد ویکسینز پر کام کر رہے ہیں جن میں سے پانچ کی انسانوں کی پر آزمائش بھی شروع کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :