19 مئی ، 2020
دبئی کی حکومت نے پاکستانیوں سے عید الفطر کے دوران سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی گزارش کی ہے اور ساتھ ساتھ متنبہ کیا ہے کہ اگر عید پر کورونا وائرس کے حوالے سے جاری ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور جیل بھی ہو سکتی ہے۔
دبئی کی حکومت نے کہا ہے کہ سماجی فاصلے رکھ کر پاکستانی اپنے آپ کو محفوظ کرسکتے ہیں اور اس کے ساتھ اپنے گھر والوں، پڑوسیوں، رشتے داروں اور پوری ریاست کی حفاظت کرسکتے ہیں۔
دبئی میں بسنے والے پاکستانیوں کو یہ ہدایات، گزراشات اور تنبیہہ ایسےموقع پر جاری کی گئی ہے جب عید الفطر چند دن کی دوری پر ہے۔
دبئی کی حکومت نے تمام پاکستانیوں سے گزارش کی ہے کہ وہ عید کے موقع پر ملنے جلنے سے گریز کریں اور گھر سے باہر نکلتے وقت چہروں پر ماسک اور ہاتھ پر دستانے پہنیں۔
دبئی کی حکومت نے پاکستانیوں سے کہا ہے کہ مستقبل میں خدا ہمیں بہت سی عیدوں سے نوازے گا مگر اس سال عید پر سماجی فاصلہ بھی رکھیں اور احتیاط سے کام لیں۔
حکومت نے درخواست کی ہے کہ لوگوں کی مدد کریں اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور تمام ہدایات پر عمل کریں۔
واضح رہے کہ دبئی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر تمام عبادت گاہیں بند ہیں جب کہ عید کی نماز کے اجتماعات بھی منعقد نہیں ہوں گے۔