وزیر خوراک پنجاب سے ملاقات کے بعد آٹا ملز مالکان نے ہڑتال ختم کردی

وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں صوبائی وزیر خوراک سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے 10رکنی وفد نے ملاقات کی اور  تحفظات دور ہونے پر کل سے آٹا ملز کھولنے کا اعلان کردیا۔

ملاقات میں طے کیا گیا کہ فلور ملز 72گھنٹے کے بجائے7 دن کی گندم ذخیرہ کر سکیں گی اور مقامی انتظامیہ فلور ملز پر چھاپے نہیں مارے گی جب کہ فلور ملز عید الفطر تک آٹے کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کریں گی۔

اس موقع پر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ آٹاملوں پر چھاپے نہیں مارے جائیں گے لیکن ملز میں موجود تمام اسٹاک ڈکلیئر ہوگا۔

اس سے قبل فلور ملز ایسوسی ایشن اور سیکرٹری خوراک پنجاب کے درمیان ہڑتال کے معاملے پر ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

 خیال رہے کہ انتظامیہ کے چھاپوں کے خلاف اور مطالبات کے حق میں دو روز سے پنجاب میں آٹا ملز مالکان کی جانب سے ہڑتال جاری تھی جس کے باعث صوبے میں آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔

ملز مالکان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ گندم کی خریداری میں ناکام ہے اور اب ملز میں موجود گندم جبری طور پر اٹھائی جا رہی ہے جب کہ محکمہ خوراک نے اوپن مارکیٹ سے گندم خریدنے پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔

مزید خبریں :