20 مئی ، 2020
قومی انڈر 19 کرکٹرز روحیل نذیر، حیدر علی اور محمد حریری کو کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں نائٹ کرکٹ کی یاد ستانے لگی ہے، تینوں کھلاڑیوں نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈکاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کا کہنا تھا کہ وہ سب اس سال نائٹ کرکٹ کو بہت مِس کررہے ہیں۔
قومی انڈر 19 کرکٹرز نے کہا کہ رمضان کی راتوں میں مخصوص ٹیپ بال کرکٹ ہماری گلیوں کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں گلیوں، میدانوں اور محلوں میں جاری رہنے والی اس سرگرمی سے سے ان کی کرکٹ میں دلچسپی بڑھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرز کی کرکٹ سے انہیں پروفیشنل کیریئر میں مدد ملی، جیسا کہ دباؤ میں کھیلنا، بیٹ اسپیڈ اور کریز پر توازن برقرار رکھنا شامل ہے۔
قومی انڈر 19 کرکٹرز نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث انہوں نے گھروں میں پریکٹس کرکے خود کو کھیل سے جوڑ رکھا ہے، اس دوران وہ اپنے گھروں کی چھتوں اور صحن میں پریکٹس کررہے ہیں۔