20 مئی ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ممکنہ منسوخی کے خدشے کے پیش نظر متبادل پلان پر غور شروع کردیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا بورڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مستقبل پر 28 مئی کو فیصلہ کرےگا اور خدشہ ظاہرکیاجارہا ہے کہ لاجسٹک اوردیگر مسائل کی وجہ سے ورلڈکپ کو ملتوی کیا جاسکتا ہے۔
اس صورتحال میں دیگر بورڈز دستیاب ونڈو میں دو طرفہ ایونٹس یا پھر وہ میچز شیڈول کرسکتے ہیں جو کورونا وائرس کی وجہ سے التواء کا شکار ہیں۔
ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر دفتر میں بھی متبادل پلانز پر غور ہوا ہے اور مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جارہا جس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے بقیہ 4 میچز اور بنگلا دیش کےخلاف ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے کرایا جاسکتا ہے۔
پی ایس ایل کے میچز کیلئے تین سے چار روز کی ونڈو نکالی جائے گی اور یہ ایک ہی شہر میں ہوگا۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ پی سی بی ایک مختصر سیریز کے انعقاد کے آپشن پر بھی کام کرسکتا ہے۔