اظہر علی نے صوبائی ایسوسی ایشنز کے کھلاڑیوں کے آن لائن سیشنز کو مفید قرار دے دیا

ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے اپنی بیٹنگ کے حوالے سے تفصیلی بات کی۔ اظہر علی نے آن لائن سیشن کو ایک مفید سلسلہ قرار دیا— فوٹو: فائل

‏پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے صوبائی ایسوسی ایشنز کے کھلاڑیوں کے بھی آن لائن سیشنز کو مفید قرار دے دیا۔

‏کوویڈ 19 لاک ڈاؤن کے دنوں میں جہاں قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ ہوئے وہاں کھلاڑیوں کیلئے پاکستان کرکٹ برڈ (پی سی بی) نے آن لائن لیکچرز کا بھی اہتمام کیا۔

ویمنز کرکٹرز کیلئے بھی ایسی ہی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران صوبائی ٹیموں کی منیجمنٹ نے بھی اپنے کرکٹرز کے آن لائن لیکچرز کا سلسلہ شروع کیا۔

شروعات کی ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے اور اس کے بعد یہ سلسلہ سینٹرل پنجاب کی انتظامیہ نے بھی شروع کر دیا ہے۔

پہلے مرحلے میں سینٹرل پنجاب کے کوچز کھلاڑیوں کے ساتھ ون آن ون سیشن کر رہے ہیں ، کوچز اعجاز جونئیر اور سمیع اللہ نیازی نے پہلے بیٹسمن عبداللہ شفیق کے ساتھ سیشن کیا۔ آج اظہر علی کے ساتھ سیشن کیا گیا۔ اظہر علی جو پاکستان ٹیسٹ کے کپتان ہیں انہوں نے ڈومیسٹک سیزن میں سینٹرل پنجاب کی کچھ میچز میں قیادت بھی کی۔

‏ٹیسٹ کپتان اظہر علی کے ساتھ سینٹرل پنجاب کی منیجمنٹ نے نہ صرف سیزن میں ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے بات کی بلکہ آئندہ کی حکمت عملی بھی زیر بحث آئی۔

ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے اپنی بیٹنگ کے حوالے سے تفصیلی بات کی۔ اظہر علی نے آن لائن سیشن کو ایک مفید سلسلہ قرار دیا۔

اظہر علی نے بتایا کہ ہیڈ کوچ اعجاز جونئیر اور اسسٹنٹ کوچ سمیع اللہ نیازی کے ساتھ کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے بات ہو ئی اور یہ بھی بات ہو ئی کہ ٹیم کو آگے کیسے لے کر چلنا ہے۔ لاک ڈاؤن میں خود کو کیسے فٹ رکھ رہے ہیں اس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے سیشنز کا بہت فائدہ ہوتا ہے ، مجھے امید ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی کے حوالے سے ڈسکس کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

‏سینٹرل پنجاب نے آن لائن سیشنز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کو بھی مدعو کرنے کا پلان بنایا ہے جو کھلاڑیوں کو بیٹنگ اور بولنگ کے حوالے سے لیکچرز دیں گے ۔

مزید خبریں :