22 مئی ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے سلیکٹرز نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کاآغاز کر دیا ہے۔
حتمی مشاورت عید کی چھٹیوں کے بعد ہو گی اور امکان ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) ان دنوں دورہ انگلینڈ کی تیاریوں میں مصروف ہے، اس حوالے سے دو روز قبل پی سی بی نے کھلاڑیوں کو بریفنگ بھی دی ہے اور اپنے پلان کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
کرکٹرز کی صحت اور حفاظت پر سمجھوتہ نہ کرنے کی یقین دہانی دلاتے ہو ئے پی سی بی نے اعلان کیا کہ جون کے اوائل میں کرکٹرز کی ٹریننگ کو پلان کیا جا رہا ہے، اس ٹریننگ کے لیے تمام طریقہ کار طے کیے جا رہے ہیں اور بظاہر یہی لگتا ہے کہ کرکٹرز گروپ کی شکل میں ٹریننگ کریں گے اور اس کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو ہر طرح سے محفوظ بنایا جائے گا۔
ٹریننگ کیمپ کے لیے کون کون ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہو گا، اس کے لیے سلیکٹرز نے ابتدائی مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جب کہ حتمی مشاورت عید کی چھٹیوں کے بعد ہو گی اور اس کے ساتھ ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 ممکنہ کھلاڑیوں کو کیمپ میں بلایا جائے گا اور پی سی بی 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، کیمپ میں سنٹر ل کنٹریکٹ 2020۔21 میں شامل تمام 21 کھلاڑی شریک ہوں گے۔
اس کے علاوہ فواد عالم سمیت ان کرکٹرز کو بھی بلایا جائے گا جو حالیہ اسکواڈز کا تو حصہ رہے ہیں لیکن کنٹریکٹ میں شامل نہیں ہیں، ان میں محمد موسیٰ، عماد بٹ، خوشدل شاہ اور عثمان قادر کے نام ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عامر، وہاب ریاض، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے حوالے سے بھی مشاورت ہو رہی ہے۔
ٹی توئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہونے کی وجہ سے شعیب ملک اور محمد حفیظ کا کیس کمزور پڑ سکتا ہے، محمد عامر اور وہاب ریاض بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں تھے لیکن اب محمد عامر کو ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
ٹریننگ سے قبل تما م کرکٹرز، اسپورٹ اسٹاف اور متعلقہ لوگوں کےکووڈ 19 ٹیسٹ ہوں گے۔