22 مئی ، 2020
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے پوری قوم جانتی ہے کہ شوگر مافیا کا سب سے بڑا سرغنہ شریف خاندان ہے۔
گزشتہ روز ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ چینی کمیشن رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ شریف خاندان نے سیاست کو کاروبار کے لیے استعمال کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دولت کی ہوس شریف خاندان کی سیاست کا محور رہا، شریف خاندان نے اداروں کا بے دردی سے استعمال کیا، شریف مافیا نے ہمیشہ عوام کا استحصال کیا۔
ان کا کہنا تھا پوری قوم جانتی ہے شوگر مافیا کا سب سے بڑا سرغنہ شریف خاندان ہے جب کہ عمران خان کی سیاست غریب عوام کے حقوق کے لیے ہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چینی کمیشن رپورٹ پبلک کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ جہانگیر ترین، مونس الٰہی ، شہباز شریف، عمر شہریاراور اومنی گروپ نے چینی سے بے تحاشا پیسہ بنایا۔
شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، مونس الٰہی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے چینی کمیشن رپورٹ میں لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا شوگر انکوائری رپورٹ دھوکا ہے جب کہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں اصل چینی چور عثمان بزدار اور رعمران خان کا ذکر تک نہیں۔
جہانگیر ترین نے خود پر لگنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اوپر لگنے والے ہر الزام کا جواب دوں گا جب کہ مونس الٰہی کا کہنا تھا کسی بھی شوگر مل کی انتظامیہ یا بورڈ کا حصہ نہیں ہوں۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے بھی اومنی گروپ کو چینی پر سبسڈی دینے کا الزام مسترد کیا۔