22 مئی ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ کرکٹ کے دوران فیلڈ پر سماجی فاصلہ اپنانا مشکل تو ہے لیکن موجودہ حالات میں اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں لہٰذا کورونا سے بچنا ہے تو سماجی فاصلہ اپنانا ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گائیڈ لائنز میں کھلاڑیوں کو فیلڈ پر سماجی فاصلے سمیت متعدد تجاویز پر عمل کرنے کو کہا گیا ہے۔
کھلاڑی عام طور پر وکٹ لینے کے بعد یا فیلڈ پر کسی بھی طرح کی کامیابی کے بعد ایک دوسرے سے گلے مل کر جشن مناتے ہیں تاہم اب ایسا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کہتے ہیں کہ یوں فیلڈ پر دوری رکھنا مشکل ہوگا لیکن ا س کے علاوہ کوئی چارہ بھی نہیں، بیماری سے بچنا ضروری ہے اور اس کیلئے گائیڈ لائنز پر عمل کرنا اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کھلاڑیوں کی کوشش یہی ہوگی کہ فیلڈ پر احتیاط کریں، جب حالات بہتر ہوجائیں گے تو سب پہلے جیسا نارمل ہوجائے گا۔
پاکستان کی جانب سے چار ٹیسٹ کھیلنے والے 17 سالہ فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ گیند کو چمکانے کیلئے بھی کھلاڑیوں کی اپنی عادتیں ہیں لیکن اب اس پر کنٹرول کرنا بھی ضروری ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں گیند کو چمکانے کیلئے کھلاڑیوں کے تھوک استمال کرنے پر پابندی کا نکتہ پیش کیا ہے تاکہ کرکٹ کی بحالی کے بعد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
نسیم شاہ نے مزید کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں، یہ ان کا پہلا انگلینڈ ٹور ہوگا اوران کی کوشش ہوگی کہ اس دورے میں بہتر سے بہتر پرفارم کریں اور زیادہ سے زیادہ سیکھیں تاکہ ان کے کھیل میں مزید نکھار آسکے۔
ایک سوال پر نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ انہیں سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر خوشی ہے، ان کا ہدف یہی ہے کہ انہیں جس فارمیٹ میں اور جہاں بھی موقع ملے، وہ اپنا بہتر سے بہتر کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کریں۔