23 مئی ، 2020
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کافی عرصے کے بعد عید گھروں میں منار رہے ہیں اور اس کی وجہ کووڈ 19 کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونا ہے جبکہ اس سے قبل قومی کرکٹرز اکثر عید کے موقع پر بیرون ملک دوروں پر ہو تے تھے ۔
20 سالہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بہت جلد تینو ں فارمیٹ کیلئے پاکستان ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے ۔
شاہین شاہ آفریدی 8 ٹیسٹ ، 19 ون ڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں ، شاہین شاہ آفریدی کو اس مرتبہ عید گھر پر منانا اچھا لگ رہا ہے ۔ شاہین شاہ آفریدی نے جیو کو بتایا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے گھر میں رہنا ہے اس لیے عید کے ایام گھر میں گزریں گے ، عرصے کے بعد خوشی کے موقع پر زیادہ وقت گھر والوں کے ساتھ گزارنے کا موقع ملے گا۔
شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ ان کے والد بار بی کیو بہت اچھا بناتے ہیں ۔ ہر کوئی ان کے بار بی کیو کی تعریف کرتا ہے ، عید کے دن والد کے ہاتھ کا بنا ہوا بار بی کیو کھائیں گے اور لطف اندوز ہوں گے ۔
شاہین شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے اپنا اور دوسروں کا خیال رکھیں ، حفاظتی اقدامات پر عمل کر کے ایک دوسرے کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ، ہمیں بس گھروں میں رہنا ہے ۔
شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ بچپن میں عیدی اکٹھی کرنے کا بہت شوق تھا ، بچپن میں صبح اٹھتے ہی پہلے اپنےو الدین اور بھائیوں سے عیدی لینا شروع کرتا تھا اور پھر رشتہ داروں سے عیدی لیتا تھا ، بچپن کی عیدیں بہت یاد گار رہی ہیں ،میں اس دور کی عیدیں مِس کرتا ہوں ۔