ملک میں کورونا سے مزید 17 افراد جاں بحق، 751 نئے کیسز بھی سامنے آ گئے

اموات کی مجموعی تعداد 1181 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 57039 تک پہنچ گئی ہے

ملک میں کورونا سے مزید 17 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1181 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 57039  تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 408 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 369 اور پنجاب میں 337 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 41، اسلام آباد 16، گلگت بلتستان میں 8 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 483656
صحتیاب مریض: 
17482 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)


آج کے کیسز کی صورتحال

آج ملک بھر سے کورونا کے مزید 751 کیسز اور 17 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں سے سندھ میں 443 کیسز اور 2 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 49 کیسز اور 2 ہلاکتیں ، خیبر پختونخوا سے 175 کیسز 10 ہلاکتیں، بلوچستان سے 61 کیسز ایک ہلاکت، گلگت بلتستان سے 11 کیسز ایک ہلاکت جبکہ آزاد کشمیر سے  12 کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

سندھ

سندھ میں مزید 443 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 22934 ہو گئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 369 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 1852 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 443 مثبت آئے جب کہ آج 614 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے۔

مراد علی شا ہ کا کہنا ہے پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ نئے مریضوں کی تعداد صحت یاب ہونے والے افراد سے کم ہے اور اب تک مجموعی طور پر 7973 افراد گھروں کو جا چکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 49 کیسز اور 2 اموات سامنے آئی ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1641 جب کہ اموات 16 ہو چکی ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 152 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج کورنا کے مزید 12 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 209 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 97 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں پیر کو کورونا وائرس سے مزید ایک شخص انتقال کرگیا جبکہ مزید 11 کیسز بھی سامنے آئے۔


گلگت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 8 جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 630 ہو گئی ہے جب کہ 444 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پنجاب

پیر کو آخری اطلاعات تک پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے۔

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث مزید 5 افراد جان کی بازی ہارگئے تھے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 337 تک جاپہنچی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 20077 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں پیر کو کورونا کے باعث ایک اور مریض انتقال کرگیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی کُل تعداد 41 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق آج 61 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 3468 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ 993 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں پیر کو کورونا وائرس کے مزید 175 کیسز سامنے آئے اور 10 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 408 ہوگئی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 8080 تک جاپہنچی ہے جب کہ اب تک 2529 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال