26 مئی ، 2020
ریاض: سعودی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کردیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں رواں ہفتے سے نرمی کرنا شروع کرے گی جہاں سوائے مکہ شہر کے ملک بھر میں پابندیوں کو نرم کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جمعرات سے شروع ہونے والے پہلے مرحلے میں ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے لیے نافذ کرفیو کے دورانیے کو کم کیا جائے گا اور اتوار 31 مئی تک کرفیو سہ پہر 3 بجے سے صبح 6 بجے تک ہوگا جس کے بعد کرفیو کے اوقات رات 8 سے صبح 6 تک ہوں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق 31 مئی سے ملک بھر میں کرفیو کو نرم کیا جائے گا اور اندرون ملک سفر کی اجازت دی جائے گی جب کہ مساجد میں نمازوں کی ادائیگی اور بعض نجی و سرکاری اداروں میں بھی کام کا آغاز کیا جائے گا تاہم اس دوران مکہ شہر میں 24 گھنٹے کے لیے کرفیو نافذ رہے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق 21 جون سے ملک بھر میں ہر قسم کی پابندیوں اٹھائے جانے کا امکان ہے جس کے بعد مسجد الحرام میں بھی نمازیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
عرب میڈیا کاکہنا ہےکہ حج اور عمرہ زائرین کی ملک میں آمد پر پابندی اور بین الاقوامی پروازیں فی الحال معطل رہیں گی جب کہ پابندیوں میں نرمی کے بعد سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے جس کے تحت 50 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔
ملک بھر میں بعض معاشی سرگرمیاں بھی بحال کی جائیں گی جن میں ہول سیلز، ریٹیل ، شاپنگ سینٹرز اور کیفیز کو کھولا جائے گا جب کہ بیوٹی سیلون، حجام کی دکانیں، اسپورٹس اور ہیلتھ کلب بدستور بند رہیں گے۔