ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملوں سے فصلیں شدید متاثر

ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے حملہ کرکے آم، ٹماٹر، کپاس، گنا، سورج مکھی اور سبزیوں کی فصلیں تباہ کردیں۔

پنجاب کے اضلاع بہاول نگر اور راجن پور میں ٹڈی دل کی یلغار جاری ہے جس کے باعث کپاس، مونگ، ٹماٹر، سورج مکھی، سبزیوں اور آم کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راجن پور کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے آپریشن بلا تعطل جاری ہے اور اسپرے کیا جارہا ہے۔

 اُدھر سندھ کے ضلع مٹیاری میں ہالہ، نیوسعیدآباد اور بھٹ شاہ میں ٹڈی دل کے کپاس، پیاز،کیلے، گنے، گھاس اور سبزیوں کی فصلوں پر حملے سے  شدید نقصان پہنچا ہے۔

 کاشت کاروں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دل کو بھگانے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ  آبادگار بورڈ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ  سندھ حکومت ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرے اور  متاثرہ علاقوں میں  اسپرے کرائے۔

بلوچستان میں بھی ضلع نوشکی ٹڈی دل کی یلغار سے شدید متاثر ہوا ہے، زمیندار ایکشن کمیٹی کے مطابق ٹڈی دل کی یلغار سے کپاس، پیاز اور ٹماٹرکی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

مزید خبریں :