وقار یونس کا سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان

سمجھتا تھا کہ سوشل میڈیا ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کا ذریعہ ہے: بولنگ کوچ قومی ٹیم۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اور سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے سوشل میڈیا چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس سوشل میڈیا کی وجہ سے ایک ایسی مشکل میں پھنس گئے جس کی وجہ سے انہیں اور ان کی فیملی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

وقار یونس نے ٹوئٹر کا استعمال نہ صرف تاخیر سے کیا بلکہ اب بھی وہ کبھی کبھار ہی اسے باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں لیکن پھر بھی سوشل میڈیا ان کے لئے مشکل کا باعث بن گیا اور آخر کار سابق کپتان نے مایوسی کے عالم میں سوشل میڈیا سے تعلق توڑ دیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کے اکاؤنٹ سے ایک انتہائی نازیبا اور بے ہودہ ویڈیو لائیک ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وقاریونس کے اکاؤنٹ کی وجہ سے مزید وائرل ہوگئی اور انہیں دنیا بھر میں اس کی وجہ سے خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور برا بھلا بھی کیا گیا حالانکہ وقاریونس نے وہ ویڈیو خود سے لائیک نہیں کی تھی۔

نتیجہ یہ نکلا کہ وقاریونس کو وضاحت کرنا پڑی اور سوشل میڈیا ہی چھوڑ دیا۔

وقاریونس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کسی اللہ کے بندے نے میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا، میں جب صبح سو کر اٹھا تو مجھے پتا چلا میرے اکاؤنٹ سے ایک انتہائی نازیبا ویڈیو کو لائیک کیا گیا ہے یہ میرے اور میری فیملی کے لیے بڑی افسوسناک تکلیف دہ اور شرمناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا تھا سوشل میڈیا ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کا ذریعہ ہے، اس انسان نے پہلی مرتبہ نہیں اس سے پہلے بھی میرا اکاؤنٹ ہیک کیا یہ انسان تو باز نہیں آئے گا لیکن میں نے فیصلہ کر لیا ہے کیونکہ مجھے اپنی فیملی زیادہ عزیز ہے اس لیے میں آئندہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا،  میں معذرت خواہ ہوں اگر کسی کو اس سے تکلیف ہوئی ہو ئی ہو۔

مزید خبریں :