29 مئی ، 2020
پنجاب میں آرتھرائٹس (جوڑوں کے درد) میں استعمال کیے جانے والے انجیکشن کا کورونا مریضوں پر تجربہ کیا گیا۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا کے مریضوں پر انجیکشن کے استعمال کے مثبت نتائج آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے شدید حملے پر یہ انجیکشن 24 گھنٹوں میں دو بار لگایا جاتا ہے اور اس انجیکشن کے استعمال سے کورونا سے شدید بیمار 10 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ دو انجیکشنز کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب بنتی ہے جبکہ اسپتالوں میں انجیکشن دستیاب ہیں جو مریض کو حکومت کی جانب سے دیے جاتے ہیں۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا تھا کہ متعدد مریضوں کو انجیکشن دیکر وینٹی لیٹر پر جانے سے بچایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف اسپتالوں میں اس انجیکشن کا ٹرائل جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب میں ہی کورونا کے مریضوں پر ملیریا کی دوا بھی استعمال کی گئی تھی جس سے متعدد مریض صحتیاب ہوئے تھے۔