ملک بھر میں 50 سے زائد اضلاع ٹڈی دل کی زد میں، کسان شدید پریشان

ملک بھر میں 50 سے زائد اضلاع  ٹڈیوں کی زد میں ہیں جس کے باعث کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹڈیوں کے حملے سے کسان سخت پریشان ہیں، مظفر گڑھ میں ٹڈیوں کے بار بار حملے کے بعد کسانوں کو بھاری مالی نقصان کاسامناہے جبکہ کاشت کار اپنی نئی فصل کوبچانے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

رحیم یارخان کے متاثرہ علاقوں میں اسپرے جاری ہے لیکن کسانوں کا شکوہ ہے کہ اگر ٹڈیوں کو تلف کرنے کے اقدامات پہلے کرلیے جاتے تو شاید اتنا نقصان نہ ہوتا۔

بھکر بھی ٹڈیوں کے حملے سے شدید متاثر ہو رہا ہے اور صبح ہوتے ہی ٹڈیوں کے جُھنڈ کھیتوں میں ڈیرے ڈال دیتے ہیں جنہیں بھگانے اور اڑانے کے لیےکسان کبھی شور مچاتے ہیں اور کبھی اسپرے کرتے ہیں۔

پنجاب کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں بھی ٹڈی دل کے حملوں نے کسانوں کو پریشان کررکھا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ  افزائش نسل کے بعد ٹڈیوں کی ہزاروں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ سکتی ہے۔

'ملک  بھر میں 4لاکھ 92 ہزار ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا جاچکا ہے'

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے  ترجمان کے مطابق ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 63 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے اور 4900 ہیکٹر رقبہ کا ٹڈی مار ادویات سے اسپرے کیا گیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ٹڈی دل کے حملہ زدہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے اور  ملک بھر میں 1102 ٹیمیں لوکسٹ کنٹرول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔

این ڈی ایم  نے بتایا کہ گزشتہ 24  گھنٹوں میں بلوچستان میں 3200 ہیکٹر، پنجاب میں 200 ہیکٹر، خیبر پختونخواہ میں 800ہکٹر رقبہ اور سندھ میں 700 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا اور  اب تک پورے ملک میں 4لاکھ 92 ہزار ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا جاچکا ہے۔

مزید خبریں :