10 مئی ، 2020
صحرائے تھل کے علاقے بھکر میں ٹڈی دل کے حملے نے تباہی مچاتے ہوئے خربوزے اور تربوز کی فصل تباہ کر دی۔
ٹڈی دل نے بھکرکے علاقے ڈھینگانہ، دلے والا، ماہنی، کپاہی، نواں گسو، گوہروالہ کے علاقوں میں حملہ کر کے خربوزے اور تربوز کی فصلوں کو مکمل تباہ کر دیا اور درختوں کے پتے بھی چٹ کرگئے۔
اسپرے کے باوجواد انتظامیہ ٹڈی دل پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔
اس حوالے سے بھکر کے ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب چند ماہ کے وقفے کے بعد سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ٹڈی دل کی دوبارہ آمد نے کورونا وائرس سے پریشان حال عوام کو اپنے معاشی مستقبل سے مزید فکرمند کر دیا ہے۔
سانگھڑ کے دیہی علاقوں میں کسان 3 ماہ تک گندم کی کٹائی اور کپاس کی بوائی میں مصروف عمل رہے، ہزاروں ایکڑ رقبے پر کاشت کی گئی کپاس کی چند کونپلوں نے ابھی زمین سے سر اٹھایا ہی تھا کہ ٹڈی دل کی آمد نے اس بڑی آبادی کے رہائشی کسانوں کو معاشی طور سے فکر مند کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے دستیاب وسائل کے علاوہ پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں اسپرے کے علاوہ پاک فوج، محکمہ زراعت اور محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے تعاون سے ہنگامی منصوبہ بھی تشکیل دے دیا ہے۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات اپنی جگہ لیکن ٹڈی دل کے مؤثر خاتمے کے لیے مسلسل فضائی اسپرے کرانا نہایت ضروری ہے۔