Time 02 جون ، 2020
کھیل

آئی سی سی اور بورڈز کو نظر نہیں آرہا ہم جیسوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے؟ سیمی

 کیا وہ ہم جیسوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بولیں گے نہیں؟ سیاہ فام افراد کی زندگیاں بھی اہم ہیں،فوٹو:فائل

ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور کرکٹ بورڈز  سے امریکا میں نسلی تعصب کے واقعات کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔

 امریکا میں نسلی تعصب کے واقعات کے خلاف ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈز کو دکھائی نہیں دے رہا کہ ہمارے ساتھ کیا ہورہا ہے؟

 ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ کیا وہ ہم جیسوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بولیں گے نہیں؟ سیاہ فام افراد کی زندگیاں بھی اہم ہیں۔

سابق ویسٹ انڈین کپتان کا کہنا تھاکہ یہ معاملہ صرف امریکا تک محدود نہیں، یہ روز کا معمول بن چکا ہے، یہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی ریاست َمنی سوٹا میں ایک سیاہ فام شخص کی پولیس حراست میں ہلاکت ہوگئی تھی، واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سے امریکا میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے جس کے باعث 6 ریاستوں میں سخت کرفیو بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔

امریکا کے علاوہ دنیا بھر میں اس واقعے کی شدید مذمت کی جارہی ہے اور اس پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :