پنجاب میں لاک ڈاؤن میں 15 جون تک توسیع ،کاروباری مراکز 5 دن کھلے رہیں گے

بین الاضلاع ٹرانسپورٹ کو 24 گھنٹےچلنے کی اجازت دی گئی ہے،فوٹو:فائل

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 15 جون تک توسیع کردی ہے جب کہ کاروباری مراکز  ہفتے میں 5 دن صبح 9 سےشام 5 بجےتک کھلے رہیں گے۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں تمام تعلیمی ادارے،شادی ہال،ریسٹورنٹ،پارک اورسنیماہال بند رہیں گے جب کہ سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز پیر سے جمعے تک صبح 9 سےشام 5 بجے تک کھلے رہیں گے اور میڈیکل اسٹور،پنکچرشاپ،آٹا چکی تندور،زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہے جب کہ کریانہ اسٹورصبح 9 سےشام 7بجے تک پورا ہفتہ کھلے رہیں گے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے کال سینٹرز کو 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ بھی 24 گھنٹے چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔

صوبے کے تمام چرچ صرف اتوارکو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق  نوٹیفکیشن 15جون تک نافذالعمل رہےگا۔

 خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد27 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 540 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :