04 جون ، 2020
کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ اسکول ایسوسی ایشنز کے کہنے پر اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔
آل پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شرف الزمان نے 15 جون سے کراچی سے کشمور تک تمام اسکولوں کو کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
اس ضمن میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ اسکول ایسوسی ایشنز کے کہنے پر اسکول نہیں کھولے جائیں گے، اگر بغیر اجازت اسکول کھولے گئے تو آرڈیننس کے تحت کارروائی بھی کی جائے گی۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت بچوں کی صحت پر سمجھوتا نہیں کریں گے لہذا جب تک حالات بہتر نہیں ہوتے اسکول نہیں کھولے جائیں گے۔
فیسوں سے متعلق صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ والدین کو فیسیں دینے کا اس لیے کہا کہ اساتذہ کو تنخواہیں ادا کی جا سکیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ کے آغاز سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں اور 15 جولائی تک بندش میں اضافہ کر دیا گیا ہے جب کہ اس دوران میٹرک اور انٹر سمیت او اور اے لیول کے سالانہ امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبوں نے بھی ایس او پیز کے ساتھ مارکیٹیں، کاروبار اور شاپنگ مالز کھول دیے ہیں تاہم تعلیمی ادارے تاحال بند ہیں جس پر اسکول ایسوسی ایشنز کی جانب سے شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
سعید غنی نے کہا تھا کہ اسکول اور شادی ہالز وہ چیزیں ہوں گی جنہیں ہم سب سے آخر میں کھولیں گے۔