06 جون ، 2020
امریکی خاتون سنتھیا رچی کے الزامات پر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین کے ردعمل بھی سامنے آ گئے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے سنتھیا رچی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں من گھڑت، بے ہودہ اور نازیبا قرار دیا ہے۔ رحمان ملک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون نے نازیبا الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اُکسانے پر لگائے جن کا مقصد ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
ترجمان رحمان ملک نے کہا کہ یہ الزامات ایسے وقت پر سامنے آئے جب رحمان ملک نے بحیثیت چرزامین داخلہ کمیٹی بینظیربھٹو پر الزامات کا نوٹس لیا۔
سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین نے بھی سنتھیا رچی کے الزامات کو سراسر غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی خاتون سستی شہرت کے لیے اس طرح کے بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکی خاتون نے مجھ پر مارنے پیٹنے کا الزام لگایا جو سراسر غلط ہے، سب کو معلوم ہے کہ میں انتہائی حساس طبیعت کا حامل ہوں اور خواتین کی بے پناہ عزت اور احترام کرتا ہوں۔
مخدوم شہاب الدین نے کہا کہ خواتین کو مارنے پیٹنے یا تشدد کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، سنتھیا رچی بتائیں کہ وہ 20 سال خاموش کیوں بیٹھی رہیں؟ 20 سال بعد سنتھیا رچی کے اچانک منظرعام پر آنے کی کیا وجوہات ہیں؟