06 جون ، 2020
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی یہ ماننے کو تیار نہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت کورونا سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) منظم طریقے سے کوروناسے نمٹ رہا ہے، این سی او سی میں جتنے فیصلے ہوئے، اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز شریک تھے اور ہم نےکورونا سے متعلق عوام کو پوری طرح باخبر رکھا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں اس معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہیں، حکومت کورونا سے کامیابی سے نمٹ رہی ہے لیکن پیپلز پارٹی کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی، آج پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کورونا کے پھیلاؤ سے متعلق بے بنیاد باتیں کر کے کنفیوژن اور بے یقینی پھیلانے کی کوشش کی ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ فرزند زرداری ہمیشہ رٹی رٹائی پرچی والی تقریر لے کر آتے ہیں، وہ صرف یہ بتائیں کہ ان کے ابو کا علاج کہاں ہورہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ بلاول کو خود اپنے اسپتالوں پر بھروسہ نہیں ہے، عمران خان نےکہا لوگوں کوکورونا اور غربت سے بچانا ہے، گزشتہ حکومتیں جو ہیلتھ سسٹم چھوڑگئیں، ہم اس میں رہتے ہوئے کورونا سے لڑرہے ہیں۔
خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے معاملے پر عوام کی جانیں بچانے کے بجائے معیشت بچانے کا ماڈل اپنایا گیا، وفاق نے وائرس کی روک تھام کی سندھ حکومت کی کوششوں کو سبوتاژ کیا ہے۔
دوسری جانب ملک میں کورونا کے باعث 1974 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعدد 96 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔