07 جون ، 2020
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمے کی درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔
پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے امریکی صحافی سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی تھی جس پر اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ امریکی صحافی نے سوشل میڈیا پر بے نظیر بھٹو کے خلاف مہم چلائی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سوشل میٖڈیا سے سنتھیا رچی کا ٹوئٹ ڈیلیٹ کرانے کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو درخواست دی گئی تھی اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے ایف آئی اے کو درخواست بھی دی گئی مگر ان درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، اس لیے عدالت مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کرے۔
بعدازاں عدالت نے درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 جون تک جواب طلب کر لیا۔
اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے ایک شہری وقاص عباسی کی درخواست پر مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جون تک جواب طلب کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی شہری سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف الزامات کی بوچھاڑکی تھی۔
انھوں نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔
سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے حوالے سے بھی متنازع اور نامناسب ٹوئٹ کی تھیں۔
امریکی خاتون کے الزامات پر پیپلز پارٹی نے قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کیا ہے جس پر سنتھیا کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔