Time 07 جون ، 2020
پاکستان

وزیراعظم کا شوگر مافیا کیخلاف کارروائی کا وعدہ جلد پورا ہوگا: وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کا وعدہ جلد پورا ہوگا۔

اپنے ایک ٹوئٹر بیان میں وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان  نے وعدہ کیا تھا کہ شوگر مافیا کے خلاف کارروائی ہوگی اوریہ وعدہ جلد پورا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں اس حوالے سے  آج اہم اجلاس ہوگاجس کے بعد پریس کانفرنس بھی ہوگی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے چینی کمیشن رپورٹ میں آئے ناموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

  گزشتہ دنوں حکومت چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی تحقیقاتی رپورٹ کا فارنزک کرنے والے کمیشن کی حتمی رپورٹ منظر عام پر لے آئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین، مونس الٰہی، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ، اومنی گروپ اور عمرشہریار چینی بحران کے ذمے دار قرار دیے گئے ہیں۔

فارنزک آڈٹ رپورٹ میں چینی اسیکنڈل میں ملوث افراد کےخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے اور ریکوری کرنےکی سفارش کی گئی ہے جب کہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ ریکوری کی رقم گنےکے متاثرہ کسانوں میں تقسیم کردی جائے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ چینی بحران کی فارنزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

تاہم جہانگیر ترین علاج کی غرض سے گزشتہ روز لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کی اچانک لندن روانگی کی بعض افراد نے سوال بھی اٹھایا تاہم انہوں نے قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ سال میں دو بار چیک اپ کیلئے لندن جاتے ہیں اور جلد وطن واپس آجائیں گے۔

مزید خبریں :