08 جون ، 2020
کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے باعث وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی سے درخواست کی ہے کہ 55 سال سے زائد عمر کے اراکین کو اجلاس میں شرکت کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی جانب سے آغا سراج درانی کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ اس ہفتےکورونا کیسز کی تعداد بڑھی، کل1744 کیس ریکارڈ ہوئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے ٹیسٹ کی صلاحیت کو بھی بڑھایا ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں بھی ایس او پیز اور گائیڈ لائین جاری کی گئی ہیں۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ شوگر اور دیگرامراض میں مبتلا معمر افراد کورونا سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں لہذا 55 سال سے زائد عمر کے اراکین کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔
انھوں نے درخواست کی کہ اسمبلی اراکین کو ماسک اور دیگر ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے پابند بنایا جائے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اراکین اسمبلی، ڈاکٹرز اور دیگر شعبہ ہائے ز ندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سمیت ایک لاکھ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 2050 سے زائدافراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔
کورونا سے جاں بحق ہونے والوں میں سندھ، پنجاب اور کے پی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی بھی شامل ہیں۔