09 جون ، 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا۔
یونس خان کے علاوہ پی سی بی نے پاکستان کی جانب سے 52 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کرنے والے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ اور مینٹور مقرر کیا ہے۔
3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز اگست-ستمبر میں کھیلی جائے گی تاہم سیریز کا حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
یونس خان نے 2000 سے 2017 تک محیط اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 118 میچوں میں 52 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 10ہزار 99 رنز بنائے، سری لنکا کے خلاف کراچی میں 313 رنز کی اننگز ان کے کیرئیر کی بہترین اننگز تھی جس کی بدولت انہیں آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن ملی۔
خصوصاً انگلینڈ کے خلاف یونس خان کا ریکارڈ خاصا متاثر کن ہے، انگلینڈ میں کھیلے جانے والے 9 ٹیسٹ میچوں کی 16 اننگز میں یونس خان نے 50 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 810 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے 2 سنچریاں (اوول 2016 میں 218 اور ہیڈنگلے 2006 میں 173 رنز کی اننگز) اور 3 نصف سنچریاں بنائیں۔
اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 139 کیچز تھامنے والے یونس خان پاکستان کی تاریخ کے بہترین فیلڈر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کے دیگر فیلڈرز کی فہرست میں ان کا نمبر 13واں ہے۔
علاوہ ازیں یونس خان نے 2007 میں انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں یارکشائر کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے 13 میچوں میں 48 سے زائد کی اوسط سے 824 رنز بنائے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا مجھے خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے اس اہم دورے کے لیے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
وسیم خان کاکہنا تھا کہ انہوں نے جب اس حوالے سے یونس خان سے رابطہ کیا تو ان کا اس عہدے کے ذریعے ملک کی خدمت کرنے کا جوش اور جذبہ قابل دید تھا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ مشتاق احمد انگلش کنڈیشنز سے بخوبی واقف ہیں کیونکہ وہ ایک طویل عرصہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام بھی کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسپنرز کی معاونت اور کھلاڑیوں کی مینٹورشپ کے ساتھ ساتھ میچ سے متعلق حکمت عملی کی تیاری کے لیے مصباح الحق کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔
سابق کپتان یونس خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور انگلینڈ کے ایک مشکل دورے کے لیے ایک بار پھر ملک کی نمائندگی کا موقع ملنا میرے لیے اعزاز ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کےچیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ وہ یونس خان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ایک بار پھر ان کے ہمراہ پاکستان کی کرکٹ کے رنگوں میں ڈھلنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور ہم نے مل کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو کئی ٹیسٹ میچوں میں تاریخی کامیابیاں دلائی ہیں۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 2010 میں جب انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو اس دوران یونس خان نے ان کی بہت حمایت کی اور انہیں یقین ہے کہ دورہ انگلینڈ میں بھی انہیں یونس کی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی کیونکہ ان دونوں کا مشترکہ مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک مرتبہ پھر کامیابیوں کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ مشتاق احمد کئی ممالک کے کھلاڑیوں کی تربیت اور مینٹورنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، ان کی موجودگی ہمیں سیریز سے قبل تیاریوں میں بھی مدد دے گی۔