آج نیب نے شہباز شریف سے آمدن سے زیادہ ٹیکس دینے کا انوکھا سوال پوچھا: ن لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماعطا تارڑ نے کہا ہے  کہ دو سال سے شہباز شریف کی پیشیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

لاہور  میں لیگی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف سے  آج انوکھا سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنی آمدن سے زیادہ کیوں ٹیکس دیا؟ شہباز شریف کو زیادہ ٹیکس دینے پر انعام دینا چاہیے۔

انہوں نے سوال کیا کہ نیب نے عمران نیازی سے پوچھا کہ آپ نے کتنا ٹیکس دیا ہے؟ عمران خان کی آمدن کیا ہے اور ٹیکس کتنا ادا کیا؟ 

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے شوگر اسکینڈل میں ڈیڑھ سے 2 سو ارب کے درمیان منافع کمایا لیکن انہیں چارٹرڈ طیارے سے شاہانہ پروٹوکول دیا گیا، وہ فوٹیجز منظر عام پر لائی جائیں اور دکھایا جائے ڈاکو کیسے باہر جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا نام انکوائری اسٹیج پر ہی ای سی ایل میں ڈالا گیا لیکن جہانگیر ترین کو باہر جانے سے پہلے روکا نہیں گیا۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نیب لاہور میں پیش ہوئے۔

نیب کی تین رکنی انویسٹی گیشن ٹیم نے شہباز شریف سے ایک گھنٹہ پندرہ منٹ تک منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے حوالے سے سوالات کیے۔

نیب کی ٹیم نے شہباز شریف سے گزشتہ پیشی پر انہیں جو سوالات دیے گئے تھے ان کے جوابات طلب کیے جن میں اثاثوں، بینکوں سے لیے گئے قرضوں کی تفصیلات اور بطور وزیر اعلیٰ پنجاب ان کی فیملی کے اثاثوں میں غیر معمولی اضافوں سے متعلق سوالات شامل تھے۔

مزید خبریں :