09 جون ، 2020
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کورونا وائرس کے پیش نظر پلیئنگ کنڈیشنز میں عارضی تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔
آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹو کمیٹی نے کرکٹ کمیٹی کی تمام سفارشات کو منظور کرلیا جس کے بعد ٹیسٹ میچز میں دوران میچ ٹیمیں کووِڈ ری پلیسمنٹ پلیئر حاصل کرسکیں گی۔
آئی سی سی کے مطابق کووڈ ری پلیسمنٹ ٹیسٹ میچ کے دوران کسی بھی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہوگا۔
بولرز کے گیند پر تھوک لگانے پر پابندی ہوگی اور ابتداء میں امپائرز کھلاڑی کو ایڈجسٹ ہونے میں مدد کیلئے نرمی کا مظاہرہ کریں گے تاہم بعد کے میچز میں اگر گیند پر تھوک لگایا تو وارننگ جاری ہوگی، دوسری وارننگ کے بعد پانچ رنز پنلٹی کے حریف ٹیم کو ملیں گے۔
انٹرنیشنل میچز میں نیوٹرل امپائرز کی شرط عارضی طور پر ختم کردی گئی ہے اور مقامی امپائرز کا تقرر بھی آئی سی سی کرے گی۔
ٹیموں کو فی اننگز اضافی ریویو بھی مل گیا، ٹیسٹ کرکٹ میں 3 اور ون ڈے میں 2 اضافی ریویو ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں انگلش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے قوانین میں تبدیلی کے لیے رابطہ کیا تھا اور اس خواہش کا اظہار کیا تھاکہ میچ کے دوران کورونا کی علامات ظاہر کرنے والے کھلاڑی کا متبادل ٹیم میں شامل ہونا چاہیے۔