پاکستان

بینظیر کیخلاف متنازع ٹوئٹس پر امریکی شہری سنتھیا رچی کو نوٹس جاری

اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے سابق وزیرعظم بینظیر بھٹو پر الزامات سے متعلق بیان پر امریکی شہری سنتھیا رچی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سنتھیا رچی کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے امریکی شہری سنھتیا ڈی رچی کے خلاف پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے ریاست علی آزاد ایڈوکیٹ پیش ہوئے جب کہ ایف آئی اے کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا کہ شکیل عباسی نے مقدمہ اندراج کی درخواست دی تو انہیں وضاحت کی گئی تھی کہ وہ متاثرہ فریق نہیں، قانون کے مطابق صرف متاثرہ شخص یا اس کا سرپرست ہی یہ شکایت داخل کر سکتے ہیں، شکیل عباسی اس معاملے میں شکایت کنندہ بن کر مقدمہ درج کرانے کا حق نہیں رکھتے۔

ریاست علی آزاد ایڈوکیٹ نے کہا اس سے متعلق قانون واضح ہے، اس نکتے پر عدالت کی معاونت کروں گا، بینظیر بھٹو کے خلاف نازیبا ٹویٹ سے پیپلز پارٹی کا ہر کارکن متاثرہ فریق ہے۔

پی ٹی اے کے ڈی جی لا نے کہا اس کیس کے حوالے سے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، میڈیا سے ملنے والی معلومات کے تحت آج اپنے طور پر عدالت آئے ہیں، عدالت نے کہا یہ معاملہ سپریم کورٹ تک جا سکتا ہے، آپ کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے تو جواب بھی داخل کرا دیں ۔

عدالت نے پی ٹی اے کی جواب داخل کرانے کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سنتھیا ڈی رچی کو بھی نوٹس جاری کر دیا کیس کی مزید سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی گئی۔  

مزید خبریں :