سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کو دوبارہ نوٹس

اسلام آباد: امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر پولیس کو دوبارہ نوٹس  جاری کردیا گیا۔

اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ امریکی شہری نے بے نظیر بھٹو کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے اور سوشل میڈیا پرمہم چلائی، پولیس کو امریکی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی مگر کارروائی نہیں کی گئی۔

عدالتی نوٹس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کردیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں 10 سال سے قیام پزیر امریکی خاتون سنتھیا رچی نے چند روز قبل پہلے پیپلز پارٹی کی سابق سربراہ بے نظیر بھٹو پر الزامات عائد کیے اور پھر سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ یوسف رضا گیلانی اور مخدو شہاب الدین پر دست درازی کے الزامات عائد کیے۔

پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔     


مزید خبریں :